ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وارتا بھارتی کے نامہ نگار کو عدالت سے ملی ضمانت

وارتا بھارتی کے نامہ نگار کو عدالت سے ملی ضمانت

Tue, 12 Sep 2017 20:05:09  SO Admin   S.O. News Service

منگلورو12؍ستمبر (ایس او نیوز)بنٹوال سے وارتا بھارتی کے نامہ نگار امتیاز شاہ کوجسے پولیس نے جھوٹ اور منافرت پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا بنٹوال میجسٹریٹ کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ایڈیشنل سول جج اور جوڈیشیل میجسٹریٹ فرسٹ کلاس پرتبھا ڈی ایس نے شاہ کو ضمانت دیتے ہوئے عدالت کی اجازت کے بغیر بنٹوال سے باہر نہ جانے ، گواہوں کو نہ دھمکانے اور معاملے کی تحقیقات میں رکاوٹ پیدا نہ کرنے جیسی شرائط لاگو کی ہیں۔
خیال رہے کہ شرتھ مڈیوال قتل کیس کے ملزم قلندر کے گھر پر چھاپے کے دوران پولیس کے ہاتھوں ہونے والی قرآن او ردیگر دینی کتب کی مبینہ بے حرمتی کی خبر سوشیل میڈیا پر اور وارتا بھارتی میں شائع کرنے کے جرم میں پولیس نے 7ستمبر کو امتیاز شاہ کو گرفتار کیا تھا۔حالانکہ پولیس ایس پی کی طرف سے جاری کی گئی تردید بھی اخبار نے صفحہ اول پر ہی شائع کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قلندر کے گھر پر تلاشی لے کر پولیس کے لوٹ جانے کے بعد امتیاز شاہ نے خود ہی وہاں پر قرآن او ردینی کتب کو زمین پر بکھیرا اور اس کی تصاویر اور ویڈیو کو یہ بتانے کے لئے عام کردیاکہ پولیس نے قرآن کی بے حرمتی کی ہے۔جو کہ سراسر جھوٹ تھا۔اسی بنیادپر پولیس نے امتیاز کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153(جان بوجھ کر فساد کرنے کی نیت سے اشتعال انگیزی کرنا)اور دفعہ 505(2)(فرقہ وارانہ منافرت اور دشمنی پھیلانے والے بیان دینا)کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
وارتا بھارتی کے چیف ایڈیٹر عبدالسلام پتّیگے نے پولیس کے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے پولیس نے جان بوجھ کر امتیاز کو پھنسانے اور اخبار پر دھاک بٹھانے کے لئے اس طرح کے الزامات عاید کیے ہیں۔


Share: